حمزہ شہبازکوتایا کے ساتھ وفاداری کی وجہ سے جیل میں بند کردیا گیا:مریم نواز

حمزہ شہبازکوتایا کے ساتھ وفاداری کی وجہ سے جیل میں بند کردیا گیا:مریم نواز
حمزہ شہبازکوتایا کے ساتھ وفاداری کی وجہ سے جیل میں بند کردیا گیا:مریم نواز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کے جانے کے دن گنے جا چکے،جعلی وزیراعظم کے گھر جانے کی باری بھی آ گئی،لاہوریوں کی خدمت کرنے والا آج جیل میں بیٹھا ہے،اس کا قصور یہ ہے کہ اس نے تایا کے ساتھ وفاداری کی۔انہوں نے کارکنوں سے یہ وعدہ بھی لے لیا کہ وہ ہر حال میں لاہور جلسے میں پہنچیں گے۔

تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کے حلقہ این اے 124گڑھی شاہو لاہور میں مریم نواز نےعوامی رابطہ مہم میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عوام کی دن رات خدمت کرنے والا (حمزہ شہباز) آج جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے ،حمزہ شہباز کا قصور یہ ہے کہ اس نے اپنے تایا کے ساتھ غداری نہیں کی، نوازشریف کو دھوکا نہیں دیا اس لیے انہیں جیل میں ڈال دیا گیا۔ 

مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوازشریف نے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے،عمران خان کو گھر بھیجنے کی آخری ذمے داری لاہور پر آ گئی ہے،تابعدار خان کل کہہ رہے تھے کہ لاہور کا جلسہ نہیں روکوں گا، انہیں پتہ تھا کہ لاہور کا جلسہ نہیں رکے گا،لاہور کے جلسے کو آخر میں اس لیے رکھا گیا کیونکہ یہ فیصلہ کن ہو گا،جعلی حکومت کے جانے کے دن گنے جا چکے،جعلی وزیراعظم کے گھر جانے کی باری بھی آ گئی،حکومت کو گھر بھجوانے کی ذمہ داری لاہور پر ڈالی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا کہ وعدہ کرو! ٹرانسپورٹ ملے نہ ملے لیکن ہر صورت جلسہ گاہ پہنچو گے،اگر ملتان میں جلسہ ہو سکتا ہے تو لاہور تو پھر لاہور ہے،لاہور نے قوم کو میاں نواز شریف جیسا بیٹا دیا ہے۔ انہوں نے جلسہ میں حمزہ شہباز کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان نے دعوی کیا تھا کہ مریم نواز اور حمزہ شہبازکے درمیان مریم کے بیانیے کو لے کر جھڑپ ہوئی تھی۔ 

خیال رہے کہ 13 دسمبر کو مسلم لیگ ن کی میزبانی میں پی ڈی ایم کا لاہور میں جلسہ ہونے جارہا ہے جس کو کامیاب بنانے کے لیے مریم نواز نے عوامی رابطہ مہم شروع کر رکھی ہے۔