"حکومت کہیں نہیں جا رہی، ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی گئی توسزائیں ملیں گی" فردوس عاشق نے واضح کر دیا

"حکومت کہیں نہیں جا رہی، ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی گئی توسزائیں ملیں گی" فردوس ...

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مدینۃ الاولیاء میں پی ڈی ایم کو منہ کی کھانا پڑی، اب داتا کی نگری میں رسوائی انکا مقدر بنے گی، پی ڈی ایم ملک میں سیاسی گندگی پھیلا رہی ہے،ن لیگ کے سارے سیاسی یتیم لاہور میں سرکس لگانے کیلئے اکٹھے ہیں، کنیزوں کے جھرمٹ میں راجکماری جتنی مرضی دھمکیاں دیں حکومت کہیں نہیں جا رہی، پنجاب میں کورونا کے پھیلاؤ کا گراف مسلسل اوپر جا رہا ہے، ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی گئی توسزائیں ملیں گی۔

ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  ملتان میں پی ڈی ایم کی کھوکھلی تحریک کی موت ہوئی ،اب لاہور میں ان کے بیانیہ کا جنازہ نکلے گا،دونوں جماعتوں نے ہمیشہ عوام کو لڑوایا،آج اقتدار میں آنے کے لئے پھر اکھٹے ہوگئے ہیں۔اپنی سیاسی خفت مٹانے کیلئے راجکماری  صاحبہ اداروں کے خلاف بیان بازی کر رہی ہیں،اسمبلیوں سے استعفی دینے کا شوق  وہی پورا کریں گے جو پارلیمنٹ  سے باہر ہیں، مریم بی بی کو تو پارلیمنٹ کی سیڑھیوں تک جانا بھی نصیب نہیں ہوا   اور مولانا کا پہلی دفعہ سرکاری حلوے کے بغیر گزارا  ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ  محترمہ کے چچا محترم کا بیانیہ انکے بیانیہ سے مختلف ہے، آپ پہلے اپنے گھر کے افراد  کا بیانیہ میں تو اتفاق پیدا کر یں پھر  احتجاج  کریں۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ جو لوگ مینار پاکستان کو بھرنے کا دعوی کر رہے ہیں انہوں نے نسل در نسل کرپشن کے پیسے سے اپناپیٹ  بھرا ،عوام کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے،مینار پاکستان جدو جہد آزادی اور شہیدوں کے لہو کا امین ہے،  یہاں اداروں کو  متنازع بنانے کی کوشش نہ کریں،عدالتی فیصلوں،  این سی او سی کے ہدایات اور قانون کے تحت اجتماعات پر پابندی ہے، 300سے زائد افراد کے اجتماع پر قانون حرکت میں آئے گا،حکومت نے قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کی اور ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی۔ صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آئین اور قانون کے تا بعدا ر ہیں،راجکماری صاحبہ کو پریشانی ہے کہ جس قانون کو وہ اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے  رہے عمران خان نے  اس کو آزاد کروایا،مریم کے والد نے تین دفعہ وزیر اعظم رہنے کے باوجود اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی،مریم کو والد کی تیماداری کیلئے ضمانت دی گئی  وہ  سڑکوں پر دندناتے ہوئے اداروں پر حملہ  آور ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے پھیلاؤ کا گراف مسلسل اوپر جا رہا ہے،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار  کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا کی صورتحال  کا  تفصلی جائزہ لیا گیا، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پنجاب کی جانب سے سزا کی تجویز این سی او سی کے سامنےرکھی جائے گی،ہم کورونا ایمرجنسی سے گزر رہے ہیں،ایس او پیز کی خلاف ورزی پرضلعی انتظامیہ  کوسخت کارروائی کی ہدایت کی ہے ، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانےاور میڈیا کو آگاہ رکھنے کیلئے  حکومت نے سچوئیشن روم بنانے کا فیصلہ کیا ہے،وزیر اعظم مکمل لاک ڈاؤن کی حمایت میں نہیں لیکن اگر کورونا کیسز اسی طرح بڑھتے رہے تو حکومت کے پاس کوئی اور آپشن نہیں بچے گا،ایک طرف حکومت عوا م کو کورونا  سے بچانے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے اور دوسری طرف نادان اپوزیشن  کے بے  روزگار سیاستدان  ملک میں کورونا پھیلانے میں مصروف ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ایک جماعت سندھ میں مکمل لاک ڈان کی طرف جا رہی ہے جبکہ پنجاب میں کھلے عام جلسوں کا حصہ ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -