"یہ مجھے نہیں جانتے،کرسی چلی بھی جائے لیکن احتساب پرسمجھوتا نہیں کروں گا" وزیراعظم کا دو. ٹوک اعلان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے مجھے نہیں جانتے، میری حکومت چلی بھی جائے تو بھی احتساب پر سمجھوتا نہیں کروں گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی و پارٹی ترجمان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال اور پی ڈی ایم کے جلسوں پر تفصیلی تبادلہ خیال۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنی کرپشن بچانے کے لیے عوام کی زندگیاں خطرےمیں ڈال رہے ہیں،خود توان کاخاندان باہربیٹھاہےاورعوام کو استعمال کررہےہیں ۔
انہوں نے کہا اس حالت میں جلسے جلوس کرنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے جلسے روکیں لیکن ہم انہیں روک کر سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔
لاہورمیں سرکاری زمینوں پرقبضےکےخلاف آپریشن پربات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت دی کہ لینڈمافیاسےکوئی رعایت نہ برتی جائے،ملک بھرمیں قبضہ مافیاکے خلاف کارروائیاں تیزکی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے، اگر ہماری حکومت رہی تو ان کے کارنامے سامنے آتے رہیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی یا قبضہ مافیا کو این آراو نہیں ملے گا۔
وزیراعظم نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میری حکومت چلی بھی جائےتو بھی احتساب پرسمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسے کو سروس دینے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔