جامعہ احسن العلوم کراچی کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی زر ولی خان انتقال کرگئے

جامعہ احسن العلوم کراچی کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی زر ولی خان انتقال کرگئے
جامعہ احسن العلوم کراچی کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی زر ولی خان انتقال کرگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک کے ممتاز عالم دین،معروف علمی شخصیت ،جامعہ احسن العلوم کراچی کے مہتمم، شیخ الحدیث والتفسیر مفتی زر ولی خان طویل علالت کے بعد کراچی کے مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے، مفتی زر ولی خان پوری زندگی درس وتدریس سے وابستہ رہے،کئی کتب کے مصنف اور ہزاروں علما کے استادتھے،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی امور علامہ طاہر محمود اشرفی،جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق،اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی،مولانا اورنگزیب فاروقی،مولانا قاری محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر اہم شخصیات نے  مفتی زر ولی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے،مفتی زر ولی خان کی نماز جنازہ کل منگل کے روز بعد نماز ظہر 2 بجے جامعہ احسن العلوم سے متصل گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

نجی ٹی وی "اے آر وائی نیوز" کے مطابق ملک کے ممتاز عالم دین شیخ الحدیث والتفسیر مفتی زر ولی خان طویل علالت کے بعد کراچی کے مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے،وہ طویل عرصہ سے علیل اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہونے کے بعد  کراچی کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے

مفتی زر ولی خان  کی عمر 67 سال تھی اور وہ جامعہ احسن العلوم میں بطور مہتمم و شیخ الحدیث والتفسیر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

مفتی زر ولی خان1953کوخیبرپختونخوا ضلع صوابی کےعلاقے جہانگیرہ میں پیدا ہوئے،جامعہ علوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن گرومندر سے سند فراغت حاصل کی،علامہ یوسف بنوریؒ، مفتی ولی حسن ٹونکیؒ ،مولانا مفتی احمد الرحمنؒ، شیخ الحدیث مولانا عبدالحنانؒ،مولانا عبداللہ کاکاخیلؒ  اورمفتی لطف اللہؒ جیسےجیدعلماءاُن کےاساتذہ میں شامل تھے،مفتی زر ولی خان پوری زندگی درس وتدریس کے شعبہ سے وابستہ رہے،آپ سے درس تفسیر پڑھنے کےلئے پورے ملک کے علما طلبہ ہر سال جامعہ احسن العلوم میں آتے تھے،مفتی زر ولی خان کئی کتابوں کے مصنف اور بہترین خطیب تھے ۔مفتی زر ولی خان کے درس تفسیر میں  پشتو اشعار کا ترنم کے ساتھ پڑھنا انتہائی مشہور تھا اور محفل میں سماں باندھ دیتا تھا ،امام العصر مولانا انورشاہ کشمیریؒ   کی علمیت کے ہمیشہ سے قائل تھے ،مفتی زر ولی خان نے گلشن اقبال کراچی میں 1978 میں مدرسہ احسن العلوم کی بنیاد رکھی اور تمام عمر یہاں قرآن و حدیث کی تعلیم دیتے رہے۔