سی ٹی ڈی کو پنجاب کے اہم شہر سے بڑی کامیابی مل گئی،کالعدم تنظیم کے 2 خطرناک دہشت گرد گرفتار
ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب(سی ٹی ڈی)کی ٹیم نےخفیہ اطلاع پر بہاولنگر میں کارروائی کی ہے جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 2 خطرناک دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے بہاولنگر میں کارروائی کرتے ہوئے 2دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش سے ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم کے دو کارکن بہاولنگر کے علاقہ ماڈل ٹاون میں فنڈز اکھٹا کررہے ہیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضہ سے فنڈز اور کالعدم تنظیم کا لٹریچر برآمد ہوا ہے،گرفتار ہونے والوں میں محب الرحمن اور عثمان غنی شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔