ڈھاکہ ٹیسٹ میں چوتھے روز کا کھیل اختتام پذیر ، بنگلہ دیش کے 7 وکٹوں پر 76 رنز
ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان کے 300 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کے 7 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنا لئے ۔
شیربنگلا سٹیڈیم میں بوندا باندی کے سبب آج چوتھے روز کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا، شاہینوں نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز کے ساتھ پہلی اننگز کا سلسلہ جوڑا۔ اظہر علی نے 4 رنز بنائے تھے کہ عبادت حسین کی بال پر کیچ دے بیٹھے، بابر اعظم کو خالد احمد نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
پاکستان نے 4وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی ، 300 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ساجد خان کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی ، ساجد خان نے آج کے دن میں 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک بنگالی بلے باز رن آؤٹ ہوا ۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی تھی جبکہ گزشتہ سے پیوستہ روز بھی پورے دن میں صرف 6 اوورز پھینکے گئے تھے ۔ یعنی ابتدائی 3 دن میں صرف 63 اوورز کرائے جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔