وزیر اعلیٰ پنجاب کا محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس کا اچانک دورہ ، غیر حاضری پر سیکرٹری سیاحت کو او ایس ڈی بنا دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب کا محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس کا اچانک دورہ ، غیر حاضری پر ...
وزیر اعلیٰ پنجاب کا محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس کا اچانک دورہ ، غیر حاضری پر سیکرٹری سیاحت کو او ایس ڈی بنا دیا

  

لاہور ( ڈیلی پاکستان آ ن لائن)  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس کا اچانک دورہ کیا اور غیر حاضری پر سیکرٹری سیاحت کو او ایس ڈی بنا دیا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب آج صبح محکمہ سیاحت کے آفس پہنچے ، افسران اور عملے کی حاضری چیک کی  اور غیر حاضر عملے  و افسران پر شدید برہم ہوئے ، وزیر اعلیٰ نے غیر حاضر ملازمین کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا، کہا کہ ساڑھے دس بجے تک دفتر حاضر نہ ہونے والے افسروں اور عملے کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، تاخیر سے دفتر آنا سرکاری فرائض میں غفلت ہے۔

سردار عثمان بزدار نے غیر حاضر افسروں اور عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے دفاتر میں وقت کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں ساتھ ہی کہا کہ  ہر محکمے کا اچانک دورہ کروں گا ،  محکمے کی کارکردگی اور افسروں کی حاضری کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے گا، وقت پر دفتر حاضر نہ ہونے والے افسروں اور عملے کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔

سردار عثمان بزدار نے  کہا کہ محکمہ سیاحت کے افسروں اور عملے کے خالی دفاتر دیکھ کر سخت مایوسی ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری افسران اور عملے کو اپنا قبلہ درست کرنے کی وارننگ بھی دی ۔

اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی ہمراہ تھے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -