قوم نے این آراو نہیں سابق نااہل حکومت کی وجہ سے بھاری قیمت چکائی: شیری رحمن 

  قوم نے این آراو نہیں سابق نااہل حکومت کی وجہ سے بھاری قیمت چکائی: شیری رحمن 

  

 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کی ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم نے بھاری قیمت کسی این آر او کی وجہ سے نہیں سابق نااہل اور نالائق حکومت کی وجہ سے چکائی اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ آپ نے چار سال میں تاریخی قرضے لئے، 70 سال میں ملک کے مجموعی قرضاجات 24 ہزار ارب روپے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ آپ نے چار سال میں 18 ہزار ارب سے زائد قرضے لیکر مجموئی قرضوں میں 70 فیصد سے زائد اضافہ کیا، آپ نے خیبر پختونخواہ میں احتساب عدالت پر تالا لگایا آپ کے دور میں کرپشن انڈیکس میں پاکستان 117 سے 140 نمبر پر آ گیا، آپ کس منہ سے کرپشن کی بات کر رہے؟۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک پر دن کی روشنی میں ڈاکا تو آپ نے ڈالا، بی آر ٹی، ایل این جی، ادویات، آٹا، چینی، بلین ٹری، مالم جبا اور دیگر کا ذمہ دار کون ہے؟۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ آپ کے نام نہاد بیانیے سے لوگ تنگ آ چکے ہیں، آپ دوسروں کو چور کہتے ہیں جبکہ خود کرپٹ اقدامات کی وجہ سے نااہل ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ آپ احتساب کا ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں آپ کے علاوہ سب جوابدہ ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ لوگ باشعور ہیں، آپ بیانیہ بنا کر ”کھیلتے رہے، لوگ آپ کے ”کھیل“میں شریک نہیں ہونگے۔

شیری رحمن 

مزید :

صفحہ آخر -