مقابلے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کیساتھ ادا  

 مقابلے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کیساتھ ادا  

  

 لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر) ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں فرض کی راہ میں قربان ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،آئی جی پنجاب پولیس فیصل شاہکار نے شامکے بھٹیاں لاہور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔لاہور پولیس میں تعینات سانگلہ ہل کے رہائشی اے ایس آئی عاصم علی اور جوہر ٹاؤن کے شاہد ارشد علی تھانہ مانگا منڈی میں فرائض انجام دے رہے تھے۔شہید اے ایس آئی عاصم علی اور کانسٹیبل شاہد ارشد علی کی نماز جنازہ گزشتہ روزپولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب غلام رسول زاہد،ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اطہر اسماعیل،ڈی آئی جی سکیورٹی محبوب رشید،سی ٹی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی،ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،ایس ایس پی آپریشنز و انوسٹی گیشن،ڈویژنل ایس پیز،ڈی ایس پیزسمیت پولیس جوانوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔شہدا ء کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور دیگر اعلیٰ افسران نے شہدا ء کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔سی سی پی او اور دیگراعلٰی پولیس افسران نے شہید کانسٹیبلز کے بھائیوں اور دیگر ورثاء سے ملاقات کی،اظہار تعزیت کیا،شہید اے ایس آئی عاصم علی کے سو گواران میں والدہ، بھائی، بیوی اور تین بیٹے اور دیگر ورثاء جبکہ کانسٹیبل شاہد ارشد کے سوگواران میں والدہ،بھائی،بیوی،کم سن بیٹا شامل ہیں۔واقعہ کا مقدمہ سب انسپکٹرفیض احمد کی مدعیت میں تھانہ مانگا منڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔

 نماز جنازہ

مزید :

صفحہ آخر -