علی زیدی کی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ انتقامی کارروائیوں کی مذمت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے ساتھ وفاقی حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیاں پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ وفاق کی انتقامی کاروائیاں انتہائی قابل مذمت ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا کرائم منسٹر سے کیا جانے والا احتجاج انھیں بالکل نہیں بھایا۔ اپنی ریاست کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی پادش میں ان کے کاروبار کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ظلم و جبر کی اس لہر کا نشانہ اب کشمیری عوام بھی محسوس کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ کراچی سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ فسطائی امپورٹڈ حکومت نے ریاستی ظلم اور جبر کی انتہا کردی ہے۔ ایک اسٹیٹ کے وزیر اعظم کے ساتھ انتقامی کاروائیاں کی جائیں گی تو عام آدمی کی کیاحیثیت رہ جاتی ہے۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست کا بدلہ بھی کشمیری عوام سے لیا جانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد سے حواس کھو چکی ہے۔ ملک تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے باوجود فسطائی حکومت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آرہی