تھیلی سیمیا روک تھام‘ ٹیسٹ کے بغیر ڈومیسائل اجراء پر پابندی

          تھیلی سیمیا روک تھام‘ ٹیسٹ کے بغیر ڈومیسائل اجراء پر پابندی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے تھیلی سیمیا کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے پشاور ڈویژن میں ٹیسٹ کے بغیر ڈومیسائل کے اجراء پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں غیر سرکاری تنظیم جہاد فار زیرو تھیلسیمیا پاکستان کی ٹیم نے ڈائریکٹر گلوبل افیئرز آصف خان کی سربراہی میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پشاور ڈویژن پشاور، چارسدہ، نوشہرہ،قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر سے تھیلی سیمیا کے خاتمے کیلئے اقدامات اور قانون سازی پر تفصیلی گفتگو کی گئی کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود  نے تھیلی سیمیا سے آگاہی کیلئے اقدامات پر جے زیڈ ٹی کے اقدامات کو سراہا اور اس نیک کام کیلئے ہر قسم کے تعاون اور رہنمائی کے لئے خود کو پیش کیا۔ ملاقات کے دوران جے ذیڈ ٹی کے سینئر والنٹیر اور سابق صوبائی صدر ثناالرحمن نے "وینچر تھلسیما فری پشاور" پر تفصیلی بریفننگ دی۔بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ آگاہی نہ ہونے اور مائنر تھلیسمیا کے شکار افراد کی آپس میں شادیوں کے باعث تھلیسمیا کے شکار میجر تھلیسمیا کے بچوں کی تعداد سالانہ پانچ ہزار تک پہنچ گئی ہے میجر تھلیسمیا چونکہ ایک لاعلاج مرض ہے اور اس کے علاج پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں علاج کے باوجود میجر تھیلی سیمیا کا شکار بچے بلوغت کی عمر کو پہنچتے ہی وفات پاتے ہیں جبکہ آگاہی نہ ہونے اور حکومتی سطح پر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے مستقبل میں صورتحال مزید سنگین ہونے کے خدشے کا اظہار کیا گیا۔کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے صورتحال کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت کے سامنے مسئلہ لانے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں اگلے ہفتے ملاقات اور آگاہی کیلئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان سے وقت مانگ لیا جبکہ پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع میں تھلیسمیاٹیسٹ کے بغیر ڈومیسائل کے اجراء پر پابندی کے فوری عملدرآمد کیلئے بروزِ جمعرات 8 دسمبر اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔اجلاس میں تھلیسمیا ٹیسٹ کے بغیر ڈومیسائل کے اجرا پر پابندی پر فوری عملدرآمد سمیت عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ تھیلی سیمیا ٹیسٹ کے بغیر دیگر خدمات انتقال،اسلحہ لائسنس،فرد نمبر اور دفاتر میں درخواستوں کی عدم وصولی پر بھی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسرز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران کو بھی طلب کرلیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ تھیلی سیمیا مرض کا پھیلاؤ عوامی آگاہی اور بغیر ٹیسٹ کے شادیوں کے روک تھام سے ہی ممکن ہے جس پر عملدرآمد کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔