صحت و تعلیم ہماری اولین ترجیحات ہیں‘فیصل امین گنڈاپور 

    صحت و تعلیم ہماری اولین ترجیحات ہیں‘فیصل امین گنڈاپور 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمود خان کی واضح ہدایات اور انکے پارٹی قائد عمران خان کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جس کیلئے بجٹ کا بڑا حصہ مختص کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مفاد کے واضح ترین اہداف مقرر کئے گئے۔ اس ضمن میں صوبے کی مجموعی تعمیر و ترقی کا عمل تیز کرنے کے علاؤہ یہاں کے غریب عوام کیلئے صحت سہولت کارڈ اور شعبہ تعلیم میں انقلابی اصلاحات موجودہ حکومت کے وہ شاندار کارنامے ہیں جو تاریخ میں سنہری حروف میں رقم ہوں گے۔ وہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) کے سبزہ زار میں پی ڈی اے بلڈنگ تا سوئی گیس دفتر روڈ کو یونیورسٹی سے موسوم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس سادہ مگر پر وقار تقریب میں یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی عملے کے علاؤہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم گنڈاپور اور مختلف اداروں اور شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ سردار فیصل امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کا معاشروں کی تشکیل اور تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ہے اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں انکی شروع دن سے حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے کافی مختصر وقت میں قومی و عالمی سطح پر اپنا مقام بنا لیا اور اس کا شمار ملک کی مایہ ناز طبی جامعات میں ہونے لگا ہے بالخصوص موجودہ وائس چانسلر کی خداداد صلاحیتیں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا مین کیمپس حیات آباد کی جس سڑک پر واقع ہے اسے کے ایم یو سے منسوب کرنے کا مقصد خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی طبی، تعلیمی اور تحقیقی میدانوں میں خدمات کا اعتراف اور خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ اس یونیورسٹی کے ساتھ صوبے کے 26 میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے علاوہ 200 فزیو تھراپی، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے ادارے منسلک ہیں جن میں پچاس ہزارسے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پی ڈی اے بلڈنگ سے سوئی گیس دفتر تک سڑک کا نام کے ایم یو روڈ سے منسوب کرکے انہیں حقیقی معنوں میں خوشی ہوئی ہے کیونکہ زندہ قومیں اپنے مشاہیر کے ساتھ ساتھ اپنے محسن اداروں کی خدمات کا اسی طرح اعتراف کرتی ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا اس سے بہتر طریقہ اور کوئی نہیں ہوسکتا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے کے ایم یو روڈ کی تختی کی نقاب کشائی کی جبکہ اس موقع پر سردار فیصل امین گنڈاپور نے یونیورسٹی کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے یونیورسٹی انتظامیہ کی بھرپور حوصلہ افزائی پر وزیر بلدیات کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یونیورسٹی کے مختلف علمی و تحقیقی منصوبوں اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -