کمزور صنعتوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرینگے‘ ارباب فاروق 

کمزور صنعتوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرینگے‘ ارباب فاروق 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان بزنس مین پینل خیبر پختونخوا کے ترجمان و معروف تاجر ارباب فاروق جان نے کہا ہے کہ کمزور صنعتوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں پاکستان بزنس مین پینل کی کاوشیں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں جس کی واضح مثال یہ ہے کہ بزنس مین پینل نے انتخابات میں مسلسل کامیابی حاصل کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ناصر حیات مگو سے پشاور میں خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس آفس کے کوآرڈی نیٹر عبد الرحمان‘ ایف پی سی سی آئی کے وائس پریزیڈنٹ عمر مسعود الرحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔ معروف تاجر ارباب فارورق جان نے کہا کہ صوبے میں بیمار صنعتوں کو فعال کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں جبکہ سارک چیمبر کے سابق صدر حاجی غلام علی کی بطور گورنر خیبر پختونخوا تعیناتی سے تاجروں کے مسائل اب ان کی دہلیز پر حل ہوں گے کیونکہ انہوں نے مختلف ادوار میں صنعتوں کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اور وہ اس سلسلے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی صوبے کی فلاح وبہبود سمیت معیشت کی بہتری کیلئے بھی کام کرینگے ان کی تعیناتی سے ملک بھر کے صنعتکاروں خصوصاً خیبر پختونخوا کے صنعتکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو ریلیف دینے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے جبکہ پی ٹی آئی سابقہ دور حکومت میں ان پر لگائے جانیوالے ظالمانہ ٹیکسز میں بھی صنعتکاروں اور چھوٹے تاجروں کو خصوصی ریلیف دیا جائے گا کیونکہ جب تاجر خوش ہوں گے تو معیشت میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر ناصر حیات مگو نے ارباب فاروق جان کی جانب سے صنعتکاروں اور تاجروں کیلئے بھر پور آواز اٹھانے پر ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ وہ صوبہ خیبر پختونخوا کے تاجروں کا مضبوط اور توانا آواز ہیں اور مستقبل قریب میں وہ مزید کامیابیاں سمیٹیں گے اور معاشی ترقی کے حوالے سے ان کی جانب سے جو بھی اقدامات کئے جائیں گے وہ ان کا بھر پور ساتھ دینگے جس پر ارباب فاروق جان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -