راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نےگندم کی کھڑی فصل پر ہل چلوا دیئے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کسانوں کی گندم کی کھڑی فصل پر ہل چلوا دیئے اور ساتھ ہی احتجاج کرنے والےکسانوں اور زمین مالکان کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔
"جیو نیوز "کے مطابق کسانوں اور زمین مالکان کی گرفتاری کے بعد متاثرین کے بچے اور خواتین بھی احتجاج میں شامل ہوگئے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو صرف اس زمین پر کام کی اجازت دی تھی جہاں زمین کا ریٹ ایوارڈ ہو چکا تھا۔
راوی اربن سٹی کی تعمیر پر لاہور ہائی کورٹ نے اسٹے دے رکھا ہے، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران خان کے دورِ حکومت میں قائم کی گئی تھی ، انہوں نے نہ صرف اس کا افتتاح کیا بلکہ اس کی پروموشن بھی کی تھی لیکن حکومت جانے کے بعد اب عمران خان نے ریئل سٹیٹ کو سب سے بڑا مافیا قرار دیتے ہوئےکہا کہ اس کی وجہ سے فوڈ سیکیورٹی کے خدشات لاحق ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہےکہ منصوبے کے لیے کسانوں کو اراضی کی قیمت ادا کی جاچکی ہے، ریونیو بورڈ آف پنجاب نے اراضی کی قیمت کی ادائیگی کے بعد روڈا کےنام پر سٹیٹ لینڈ لی، گیم چینجر منصوبےکی سٹیٹ لینڈ مافیا کے ذریعے ہتھیانے کا منصوبہ ناکام ہوگا۔