زائد کرایہ وصول کرنےپر آن لائن ٹیکسی سروس "اوبر " کو 3 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ
سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا کی عدالت نے آن لائن ٹیکسی سروس اوبرپر صارفین سے زائد کرایہ وصول کرنے پر ایک کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالرز کا جرمانہ عائد کر دیا۔
آسٹریلیا کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ "اوبر" کی آسٹریلوی کمپنی نے اپنے صارفین کو گمراہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کا صارف قانون توڑا ، "اوبر" نے 2017 سے 2019 تک بعض صارفین کی جانب سے سفر کو منسوخ کرنے پر ان سے چارج وصول کرنے کی دھمکی دی اور غلط سافٹ ویئر کے استعمال سے اگست 2020 تک زیادہ کرایہ وصول کیا ۔
اوبر نے اپنی سائٹ پر جاری بیان میں معذرت کرتےہوئے کہا کہ آسٹریلوی عوام سے معذرت خواہ ہیں ، موصول ہونے والی شکایات پر اپنے پلیٹ فارم پر مناسب ترامیم کر دی ہیں ،
خیال رہے کہ اوبر کے خلاف کیس مسابقتی اور صارف کمیشن نے دائر کیا تھا ، اوبر کمپنی 39-17 ملین امریکی ڈالرز کی ادائیگی پر راضی ہو گئی تھی مگر جج اوبرائن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فریقین کی جانب سے دئے گئے شواہد ناکافی ہیں ۔