عمران خان نے چند روز میں صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا ارادہ کرلیا ، شاہ محمود قریشی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صوبائی اسمبلیاں چند روز میں توڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اسمبلیاں چند روز میں توڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے، خواہش ہے کہ صوبوں میں نئی حکومتیں رمضان المبارک سے قبل بن جائیں۔ عمران خان نے ڈویژن کی سطح پر اجلاسوں کا آغاز کیا ، اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں کہ مسائل کا حل نئے انتخابات ہے ، پارٹی قیادت نے اسمبلیوں کی تحلیل کا اختیار عمران خان کو دیا ، کپتان اب آئندہ چند روز میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلی توڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ وفاقی حکومت اگر عام انتخابات کی جانب جانے کی بجائے ملک کو مزید ڈبونا چاہتی ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہے مگر ہماری خواہش ہے کہ رمضان المبارک سے قبل پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نئی حکومتیں بن جائیں ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں تیزی سے بگڑتی معاشی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی ، حکومت کے پاس معیشت کاکوئی پلان نہیں ، آج تاجر اور کسان پریشان ہیں ، ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ، جس سطح پر ہم نے معیشت کو چھوڑا تھا یہ اس سطح سے مسلسل زوال پذیر ہے، آئی ایم ایف اور موجودہ وزیر خزانہ میں دوری بڑھ چکی ہے ۔