مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کا عندیہ دیدیا
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن ) ایک طرف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب پی ڈی ایم کے صدر اور سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات اپنے مقررہ وقت سے بھی تاخیر سے ہونے کا عندیہ دیدیا۔
نجی ٹی وی "سماء نیوز" کے مطابق صدر پی ڈی ایم نے کوئٹہ میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک ٹھیک کرنے کیلئے وقت درکار ہے ، الیکشن وقت پر نہیں بلکہ تاخیر سے ہو سکتے ہیں، جب ہماری حکومت آئی تو ملک دیوالیہ ہونے اور بلیک لسٹ میں جانے کے کنارے پر تھا ، ہم گرے سے وائٹ لسٹ میں آگئے ہیں۔ جب حکومت سنبھالی تو اندازہ نہیں تھا کہ عمران خان ملک کو کس قدر دلدل میں دھکیل کر گیا ہے ، ہم نے اس سے نکلنے کی کوشش کی، معیشت کو بچانے کیلئے طویل المدتی منصوبوں کی ضرورت ہے۔ عمران خان کے باعث پہلی مرتبہ فوج کے ادارے میں تفریق پیدا ہوئی ، غیر سیاسی اور تخریب کار ذہنیت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔