جنوبی افریقن ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے نیوزی لینڈ پہنچ گئی
کرائسٹ چرچ( نیٹ نیوز) جنوبی افریقن ٹیم اے بی ڈی ویلیئرز کی قیادت میں جیت کا عزم لئے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے نیوزی لینڈ پہنچ گئی۔ پروٹیز ٹیم 9 فروری کو کرائسٹ چرچ کے مقام پر سری لنکا کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی اور اسی مقام پر دوسرے وارم اپ میچ میں 11 فروری کو میزبان نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہو گی۔ پروٹیز ٹیم کو اس کی حالیہ فارم اور کارکردگی کی بناء پر عالمی ٹائٹل کیلئے ہاٹ فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم اس کے ساتھ ’’چوکرزٹیگ‘‘ تا حال برقرار ہے، جنوبی افریقن ٹیم 15 فروری کو زمبابوے کے خلاف ابتدائی میچ سے عالمی ٹائٹل کیلئے مہم کا آغاز کرے گی اور اسے اپنے گروپ بی میں پاکستان، ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کا بھی چیلنج درپیش ہو گا۔ رسل ڈومینگو کے مطابق ٹیم ابتدائی میچ میں زمبابوے کو ہرا کر ایونٹ کا جاندار آغاز کرے گی، میگا ایونٹ میں شریک کسی بھی ٹیم کو آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہیں کریں گے۔ ، گروپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں خطرناک حریف ثابت ہوں گی، فتوحات کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔