پریذیڈنٹ سلور کپ،واپڈا کی ٹیم فیصل آباد کو ہراکر فائنل میں پہنچ گئی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پریذیڈنٹ سلور کپ ون ڈے ٹورنامنٹ ٹرائی اینگولر مرحلے میں واپڈا نے فیصل آباد وولوز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ وولوز کی شکست کے بعد ہاکس کی ٹیم بہترین اوسط کی بناء پر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ واپڈا نے 222 رنز کا ہدف 46.4 اوورز میں 6 وکٹوں پر حاصل کیا۔ عامر سجاد نے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میں کھیلے گئے میچ میں فیصل آباد وولوز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، افتخار احمد 88 اور عمران علی 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ذوالفقار بابر نے 3 جبکہ وقاص مقصود، خالد عثمان اور افتخار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں واپڈا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 47 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 6 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ عامر سجاد نے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، ایاز تصور 52 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ فہیم اشرف نے 3 جبکہ نصیر اکرم اور عمران علی دو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔