وارم اپ میچز کل شروع، میچوں کی تمام ٹکٹیں فروخت

وارم اپ میچز کل شروع، میچوں کی تمام ٹکٹیں فروخت

 دبئی ( نیٹ نیوز)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سے قبل آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ، وارم اپ میچز کاآغاز کل اتوار سے ہوگا ،مجموعی طور پر 14 میچزکھیلیں جائیں گے جبکہ تمام وارم میچوں کی ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں پاکستان کرکٹ ٹیم 9 فروری کوبنگلہ دیش کیخلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی ۔آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق وارم اپ میچز کاسلسلہ 8 فروری سے شروع ہوگا جو 13 فروری تک جاری رہے گا جس کے دوران مجموعی طور پر 14 میچزکھیلیں جائیں گے۔سڈنی،، ایڈیلیڈ، میلبورن اور کرائسٹ چرچ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ وارم اپ میچزکی میزبانی کریں گے اور پہلا وارم اپ میچ 8 فروری کو بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم 9 فروری کوبنگلہ دیش جبکہ 11 فروری کوانگلینڈ کے مدمقابل آئے گی۔نوفروری کو چار وارم اپ میچز کھیلیں جائیں گے، کرائسٹ چرچ میں جنوبی افریقااورسری لنکامدمقابل آئیں گے، میزبان نیوزی لینڈ کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا، سڈنی میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیزآمنے سامنے ہوں گے جبکہ پاکستان بنگلہ دیش کیخلاف صف آرا ہوگا۔ 10 فروری کو آئرلینڈ کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ اور بھارت اور افغانستان کے درمیان میچز ہوں گے۔ گیارہ فروری کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقا ، سری لنکا کا مقابلہ زمبابوے، متحدہ عرب امارات کا مقابلہ آسٹریلیا اور 1992 کے فائنل میں مدمقابل آنے والے پاکستان اور انگلینڈ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی