دوستانہ میچ، پاکستان فٹبال ٹیم نے افغانستان کو 1-2سے شکست دیدی
زلاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان اور افغانستان کی فٹ بال ٹیموں کے مابین ہونے والا دوستانہ میچ پاکستان نے 2-1سے جیت لیا ۔پنجاب سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔پاکستان کی ٹیم نے میچ کے پہلے ہاف کے 18ویں منٹ میں افغانستان کی ٹیم پر برتری حاصل کرلی جب ریاض نے کپتان حسین بشیر کے پاس پر پاکستان کی طرف سے پہلا گول کیا ۔افغانستان کی ٹیم نے پہلے ہاف میں گول برابر کرنے کے لئے سر توڑ کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکی تاہم دوسرے ہاف میں افغانستان کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور دوسرے ہاف کے 14ویں منٹ میں شائستے فیصل نے افغانستان کی طرف سے گول کرکے مقابلہ 1-1سے برابر کردیا ۔افغانستان اور پاکستان کی ٹیمیں فیصلہ کن گول کرنے کے لئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر مسلسل حملہ کرتی رہیں لیکن کامیابی پاکستان کو ہوئی جب کھیل کے آخری لمحات میں پاکستان کی طرف سے فیصلہ کن گول سعد اللہ نے کپتان حسن بشیر کے خوبصورت پاس پر کیا ۔پاکستان کی جیت پر پاکستانی تماشائی خوشی سے ناچتے ہوئے گراؤنڈ میں داخل ہوئے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے جبکہ افغان تماشائیوں کے سٹیڈیم پر خاموشی سی چھا گئی۔ ۔میچ کے موقع پرسیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے اور تماشائیوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لئے سٹیڈیم آئی ہوئی تھی ۔پی ایف ایف کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور ایونٹ مینجر خواجہ نوید حیدر کے مطابق میچ دیکھنے کے لئے افغانستان کے سفیر جنان موسی زئی ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر) عارف حسن اور گروپ ہیڈ بنک آف پنجاب شاہد وقار محمود بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے تاہم افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جیت سے قومی ٹیم کی رینکنگ میں اضافہ ہوگا ۔