سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عائد چارجز غیر منصفانہ ہیں ‘راولپنڈی چیمبر

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عائد چارجز غیر منصفانہ ہیں ‘راولپنڈی چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (نیٹ نیوز) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی برائے کارگو کسٹم کلیئرنس اینڈ گڈز فارورڈنگ کے چیئرمین مقبول حسین نے کہا کہ ائیر پورٹ پر سامان کی ترسیل پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے عائد کئے گئے چارجز غیر منصفانہ ہیں پوری دنیا میں کم سے کم چارجز عائد کئے جاتے ہیں لیکن ملک میں سول ایوی ایشن اہلکاروں کی مرضی کیمطابق چارجز عائد کئے جاتے ہیں ،وزارت دفاع سے اپیل کرتے ہیں کہ اس ضمن میں منصفانہ پالیسی اپنائے تا کہ کارگوکسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کے مسائل کو حل کیا جا سکے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر نائب چیئرمین خواجہ نصیر ،سینئر نائب صدر میاں ہمایوں پرویز ،سابق صدر سید علی رضا اور دیگر ارکان کمیٹی بھی موجو دتھے ۔ مقبول حسین نے کہا کہ کارگو کسٹم کلیئرنس اینڈ گڈز فارورڈنگ ایجنٹس حکومت کو ہر سال لاکھوں روپے ریونیو حاصل کرکے دیتا ہے لیکن حکومت کی جانب سے ائیر پورٹ پر ایجنٹس کو کوئی سہولت فراہم نہیں کیجاتی اور نہ انکے بیٹھنے کی باقاعدہ کوئی جگہ ہے ،انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نئے تعمیر ہونیوالے ائیرپورٹ پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔
اور اس ضمن میں راولپنڈی چیمبر کے اعلیٰ عہدیداران اور ایجنٹس کو ائیرپورٹ کا دورہ کرایا جائے تا کہ متعلقہ شعبے سے وابستہ افراد سہولیات کا جائزہ لے سکیں اور حکام کو اپنی سفارشات ارسال کر سکیں ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائمقام صدر میاں ہمایوں پرویز نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر خطے کی تاجر و صنعت کار برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے ، کسٹم اینڈ کارگو کلیئرنگ کے مسائل کو حل کروانے کے لئے راولپنڈی چیمبر کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گا ، انہوں کہا کہ کارگو کسٹم کے مسائل کے حل کے حوالے سے متعلقہ حکام سے ملاقات کی جائے اور چیمبر کے پلیٹ فارم سے درپیش مسائل کو اٹھایا جائے گا تا کہ حل کو یقینی بنایا جا سکے،
انہوں نے چیئرمین کمیٹی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید :

کامرس -