ورلڈکپ؛ آئی سی سی کی زخمی جنید کی جگہ راحت کو ٹیم میں شامل کرنیکی اجازت

ورلڈکپ؛ آئی سی سی کی زخمی جنید کی جگہ راحت کو ٹیم میں شامل کرنیکی اجازت

 لاہور ( سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایونٹ ٹیکینکل کمیٹی برائے ورلڈ کپ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے زخمی باؤلر جنید خان کی جگہ راحت علی کو پاکستانی ٹیم کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے کی منظور ی دیدی۔ پی سی بی نے جنید خان کی جگہ راحت علی کو ٹیم میں شامل کرنے کے لئے آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی برائے ورلڈ کپ کو درخواست کی تھی ۔آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی جس میں آئی سی سی کے جنرل مینجر کرکٹ (چیئرمین )،کیمپبل جیمیسن ،جوہن ہارڈن ،گیون لارسن ،رسل آرنلڈ اور سنجے منجریکر پر مشتمل تھی نے پی سی بی کی درخواست پر زخمی باؤلر جنید خان کی میڈیکل رپورٹ دیکھنے کے بعد راحت علی کو ان کے متبادل کے طور پر پاکستانی ٹیم میں شامل کیئے جانے کی منظور ی دی ۔واضح رہے کہ راحت علی کا نام ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ ابتدائی 30کھلاڑیوں میں بھی نہیں تھا ۔ راحت علی نے نے پاکستان ٹیم کی طرف سے 11ٹیسٹ میچز کھیلے جن کی 15اننگز میں 10.22کی اوسط سے 92رنز بنائے جبکہ باؤلنگ میں انہوں نے گیارہ ٹیسٹ میچوں کی 20اننگز میں 36.67کی اوسط سے 31وکٹیں حاصل کیں ۔وہ پاکستان کی طرف سے صرف ایک ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں جس کی ایک اننگ میں انہوں نے نہ تو کوئی سکور بنایا اور نہ ہی کسی کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔وہ پاکستان کی طرف سے 27ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکے ہیں اور جس کی چار اننگز میں بیٹنگ کے دوران انہوں نے صرف چار سکور بنائے جبکہ باؤلنگ میں انہوں نے 27ٹی ٹونٹی میچز کی 27اننگز میں 737رنز دے کر 25وکٹیں حاصل کیں ۔انہوں نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو فروری 2013میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے خلاف جوہانسبرگ میں کیا جبکہ واحد ون ڈے میچ 9جون 2012کو پالی کیلے میں سری لنکا کے خلاف کھیلا ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی