کینسر کے مریضوں کیلئے جلد سینٹر آفایکسی لینس قائم کیا جائے گا،جوادرفیق
لاہور (جنرل رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں جاری ساتویں بین الاقوامی کینسر سرجری کانفرنس گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں اختتام پذیر ہوگئی کانفرنس کے اختتامی سیشن میں سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ سرجری کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ارشد چیمہ ، پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر ظفر ، پروفیسر عبدالمجید چودھری ، پروفیسر صداقت سمیت دیگر نے شرکت کی ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے کہاکہ حکومت جلد ہی کینسر کے مریضوں کے لئے صوبائی درالحکومت میں سینٹر آف ایکسیلنس قائم کررہی ہے جس کا پی سی ٹو تیار کرلیا گیا ہے جبکہ اسکی تعمیر کے 350 ملین کی رقم بھی جاری کی جاچکی ہے انہوں نے کہاکہ کیمیکل ویسٹ بغیر ٹریٹمنٹ کئے سیوریج میں پھینکاجانا بھی کینسر کی بڑی وجوہات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں بیماریوں کے بوجھ سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات اور پرہیز کے اصولوں پر کام کرنا ہے جسکے لئے حکومت آگہی مہم چلارہی ہے ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہاکہ پاکستان میں کینسر کے مریضوں کے حالات بہت اچھے نہیں ہیں اور ابھی تک اس بات کے متعلق کوئی ڈیٹا موجود نہیں ہے کہ پاکستان میں کینسر کے کتنے مریض موجود ہیں اور انکی بیماری کی سٹیج کیا ہے اور ہسپتالوں میں بھی کینسر کے مریضوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔جبکہ پروفیسر ارشد چیمہ سمیت دیگر شرکاء نے زور دیا کہ تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کی سطح پر کینسر کے شعبہ جات کو بہتر بنایا جائے جبکہ سرجیکل آنکالوجی باقاعدہ شروع کی جائے کینسر کے مریضوں کو سستی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔