صحافتی تنظیمیں اپنے اپنے شعبوں کی ترقی کیلئے بھرپور کام کریں ،مجیب الرحمٰن شامی
لاہور(فلم رپورٹر)ممتاز صحافی روزنامہ پاکستان کے مدیر اعلیٰ مجیب الرحمن شامی نے کہا ہے کہ تمام صحافتی تنظیموں کو اپنے اپنے شعبہ کی ترقی اور بہتری کے لئے کام کرنا چاہیے یہ بات انہوں نے پاکستان سٹیزن موومنٹ کے چیئرمین اور شوبز رپورٹرز آرگنائزیشن کی جانب سے لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ۔مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ میں ارشد انصاری ، ان کی ٹیم اور شوبز رپورٹرز آرگنائزیشن کے عہدیداروں کوکامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں میں امید کرتا ہوں کہ وہ صحافیوں کی بھلائی کے حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے،سینئرز ہمیشہ جونیئرز سے اپنی محبت اور ان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ حافظ غلام محی الدین جانی مانی سیاسی و سماجی شخصیت ہیں ان کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں وہ اپنے اچھے کاموں کے لئے جانے اور پہچانے جاتے ہیں۔حافظ غلام محی الدین نے کہا کہ ہم سب ارشد انصاری کے ساتھ ہیں میں بھی ان کی پوری ٹیم کو لازوال کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ان کی کامیابی صحافیوں میں ان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیزن موومنٹ کو فعال بنایا جائے گا اس کی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع ہو کر ملک بھر میں پھیلایا جائے گاشوبز رپورٹرز آرگنازیشن کے عہدیداروں نے اس تقریب کے انعقاد کے لئے میرے ساتھ جو تعاون کیا ہے اس کے لئے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ میں حافظ غلام محی الدین اور شوبز رپورٹرز آرگنائزیشن کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے اور میری ٹیم کو یہ عزت بخشی ہم لوگ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے ظہرانہ سے منیر احمد خان اور افضال طالب نے بھی خطاب کیا اور ملے جلے خیالات کا اظہار کیا۔ظہرانہ میں قدرت اللہ چودھری ،ادیب جاودانی،منیر احمد خان ،شہباز احمد میاں،ارشد انصاری،افضال طالب ، طارق ممتاز،فخر ازمان بھٹی،رضوان خالد،شعیب عزیز ، مروہ عنصر،نعیم حنیف، ملک لیاقت اور دیگر نے شرکت کی