محکمہ لٹریسی نے معیارِ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں، حیدر علی خان

محکمہ لٹریسی نے معیارِ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں، حیدر ...

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی برائے لٹریسی و غیر رسمی بنیادی تعلیم رائے حیدر علی خان نے کہا ہے کہ محکمہ لٹریسی نے صوبہ میں قائم بچوں اور بالغوں کے اپنے ساڑھے پندرہ ہزار سے زائد غیر رسمی سکولوں اور سنٹرز میں معیارِ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ ٹیچرز کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ کیلئے جانچ کاری امتحانات، ورکشاپس اور تربیتی سیشنز کے انعقاد کا سلسلہ بھی باقاعدگی سے جاری ہے۔ رائے حیدر علی خان نے کپیسٹی بلڈنگ اور ٹیکنیکل معاونت کے سلسلے میں جائیکا کے تعاون کو سراہتے ہوئے اُنہیں نئے نصاب کیلئے بھی فنڈنگ کے وسیع ذرائع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے لٹریسی سیکرٹریٹ میں جائیکا کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس نے مسٹر تناکاشینی چیرو(Tanaka Shini Chiro) وزٹنگ سینئر ایڈوائزر ایجوکیشن حکومتِ جاپان کی سربراہی میں اُن سے ملاقات کی۔ سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر پرویز احمد خان ، جائیکا وفد کے دیگر اراکین اور محکمہ لٹریسی کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی نے بتایا کہ محکمہ لٹریسی کے غیر رسمی سکولوں اور بالغوں کے سنٹرز میں زیرِ تعلیم سولہ لاکھ کے قریب طلباء کو جدید تدریسی طریقوں سے تعلیم و ہُنر سے آراستہ کیا جاتا ہے جبکہ پانچویں کے امتحانات پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے تحت لیے جاتے ہیں اور بچوں کو نصابی، ادبی و کھیلوں کی سرگرمیوں میں شمولیت کے بھرپور مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ جائیکا کے وفد نے تعلیمی شعبے میں حکومتِ پنجاب کے انقلابی اقدامات کو سراہا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4