چوہنگ ،شوہر نے بچے کا خرچہ مانگنے پر سابقہ بیوی کو چھریاں مار کر ہلاک کر دیا

چوہنگ ،شوہر نے بچے کا خرچہ مانگنے پر سابقہ بیوی کو چھریاں مار کر ہلاک کر دیا

 لاہور(کرائم سیل)چوہنگ کے علاقہ میں پہلے شوہر نے بچے کا خرچہ مانگنے پر سابقہ بیوی کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے مقتولہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا کر ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق 29سالہ نبیلہ بی بی چوہنگ کے علاقہ شیرا کالونی کی رہائشی تھی اور اس کی چند سال قبل علی رضاء نامی نوجوان سے شادی ہوئی تھی جس میں سے اس کا ایک بیٹا بھی تھا۔ایک سال قبل ان کی علیحدگی ہو گئی اور علی رضا نے مقتولہ کو بیٹے کی پرورش کے لیے ماہوار خرچہ دینا شروع کر دیا ۔چند ماہ قبل نبیلہ بی بی نے راشد نامی شخص سے شادی کر لی جس پر علی رضاء نے خرچہ دینا بند کر دیا ۔گزشتہ روز اسی معاملے پر بات چیت کرنے کے لیے علی رضاء اپنے بھائی علی گوہر کے ہمراہ نیلہ کے گھر پر آیا اور باتوں باتوں میں ان کے مابین تلخ کلامی ہو گئی جس پر تیش میں آ کر علی رضاء نے چھری کے وار کر کے نبیلہ کو شدید زخمی کر دیااور اس کا پیٹ پھاڑ دیا۔جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ۔گھر والوں نے زخمی نبیلہ کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جہاں وہ چند گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقتولہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔پولیس نے ملزم کے ساتھی بھائی علی گوہر کو حراست میں لے لیا ہے۔

مزید : علاقائی