بلدیاتی انتخابات خیبر پختونخوا میں مئی،پنجاب نومبر اور سندھ میں اگلے سال مارچ میں ہونگے ،الیکشن کمیشن
اسلام آباد(اے این این، آ ن لا ئن ، آ ئی این پی ) الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے بعد دیگر تین صوبوں میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا، خیبرپختونخوا میں مئی کے آخر،پنجاب میں نومبر اور سندھ میں مارچ2016میں الیکشن ہونگے،بلدیاتی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان صوبائی حکومتوں کی مشاورت کے بعد ہو گا،کنٹونمنٹس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی صدار ت میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے صوبائی الیکشن کمشنرز، نادرا اور وزارت دفاع کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تینوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس حوالے سے حائل مشکلات کا جائزہ لیتے ہوئے اسلام آباد اور کنٹونمنٹ بورڈ میں بھی بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے متعلق امور زیر غور آئے۔ اجلاس کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کے بعد قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن سید شیر افگن نے پنجاب ،سندھ اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ تینوں صوبوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں الیکشن کمیشن کوآگاہ کیا اور کہا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق کیے جانے والے اقدامات اپنے حتمی مراحل میں ہیں جس کے بعد صوبائی حکومتیں اس پوزیشن میں ہوں گی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ مئی 2015 کے آخر میں خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے جبکہ پنجاب میں یہ الیکشن نومبر میں ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ سندھ میں سب سے آخر میں بلدیاتی الیکشن ہوں گے اور اس کے لیے آئندہ برس مارچ کے مہینے کا انتخاب کیا گیا ہے۔شیر افگن نے بتایا کہ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے حکام کا کہنا تھا کہ انھوں نے حلقہ بندیوں سمیت دیگر تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے ہیں اور وہ کسی بھی وقت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے کو تیار ہیں۔الیکشن کمیشن کے قائمقام سیکرٹری کے مطابق تین صوبوں کے حکام نے الیکشن کے انعقاد کی حتمی تاریخیں نہیں بتائیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ چند روز میں اس ضمن میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا جائے گا۔تاریخوں کا اعلان صوبائی حکومتوں کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ جلد ہی ان علاقوں میں انتخابات سے متعلق آرڈینیس جاری کیا جائے گا۔