مشرف کی ترجیح سیاست نہیں ،ملک سے باہر جانا ہے، شرجیل میمن
کراچی (آئی این پی) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی ترجیح سیاست نہیں ،ملک سے باہر جانا ہے‘ اگر وفاق پرویز مشرف کو اجازت دے تو وہ فوراً باہر چلے جائیں گے، جو لوگ مشرف کے آسرے پر سیاست کررہے ہیں وہ مایوس ہونگے‘ سینٹ الیکشن میں بہت سے سرپرائز سامنے آئینگے، اس بار بھی سینٹ میں پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہوگی‘ سندھ پولیس میں بھرتیاں میرٹ پر ہورہی ہیں ،کسی کو اعتراض ہے تو عدالت یا پھر پولیس کریمنل ریکارڈ میں جائے۔ وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سابق صدر کا مقصد سیاست کرنا نہیں ملک سے باہر جانا ہے جیسے ہی وفاق کی طرف سے اجازت مل گئی پرویز مشرف ہمیشہ کیلئے نہ واپس آنے کے مقصد سے باہر چلے جائیں گے اور جو ان کے آسرے پر سیاست کررہے ہیں وہ مایوس ہونگے اس لئے سنجیدہ سیاستدانوں سے میری درخواست ہے کہ اگر سیاست یا مذاکرات کرنا ہیں تو سیاستدانوں سے ہی کریں ایسے بندے سے ہرگز نہ کریں جو مل کر تو خیالی پلاؤ پکائے لیکن پھر اچانک ملک سے باہر چلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی بھی حتمی دوستی یا دشمنی نہیں ہوتی جب دوسری طرف سے الزامات عائد کئے جاتے ہیں تو پھر ہماری طرف سے بھی جواب دے دیا جاتا ہے لیکن ان باتوں کی وجہ سے مذاکرات ختم نہیں ہونے چاہئیں۔ سندھ حکومت کی تمام تر توجہ امن و امان پر مرکوز ہے سندھ پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں ہورہی ہیں جس کو اعتراض ہے وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتا ہے سندھ پولیس کو بھی دیگر صوبوں کی پولیس کے برابر تنخواہیں مل رہی ہیں اس کے علاوہ ہم نے پولیس کو دیگر مراعات دینے کے حوالے سے بھی لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔