چارسدہ ، منی خیل میں سکول وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ، ایک طالبہ زخمی

چارسدہ ، منی خیل میں سکول وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ، ایک طالبہ زخمی

چارسدہ/پشاور(آئی این پی ) چارسدہ کے علاقے منی خیل میں طالبعلموں کو سکول لے جانے والی گاڑی پرتعلیم دشمن عناصرکی فائرنگ سے طالبہ زخمی ہوگئی ، فائرنگ سے زخمی ہونے والی بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا ،فائرنگ کے وقت وین میں 12 سے 15 بچیاں سوار تھیں، ملزمان وین کے ڈرائیور کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی، ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن جاری ۔ جمعہ کو پولیس کے مطابق چارسدہ میں طالبعلموں کو سکول لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ سے طالبہ زخمی ہوگئی ۔یہ واقعہ منی خیل کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے ایک سکول وین پر گولیاں چلائیں۔ صوبائی وزیرِ اطلاعات مشتاق غنی نے کہا ہے کہ حملے میں صرف طالبہ زخمی ہوئی ۔انھوں نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ حملہ ڈرائیور کی ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے اور زخمی بچی کو چارسدہ کے ضلعی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔مسلح افراد ویگن پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ۔تین روز قبل کراچی میں نامعلوم افراد نے دو نجی سکولوں کے قریب کریکر سے دھماکے کیے تھے اور پمفلٹ پھینکے تھے جن میں ملک میں دہشت گردوں کو دی جانے والی پھانسیوں کا سلسلہ بند نہ ہونے کی صورت میں سکول اوقات کے دوران حملوں کی دھمکی دی گئی تھی

مزید : صفحہ اول