پیپلزپارٹی نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا حق ادا کر دیا، منظور وٹو

پیپلزپارٹی نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا حق ادا کر دیا، منظور وٹو

لاہور( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو یوم کشمیر کے موقع پر اس سال زبردست انتظامات اور شرکت کرنے پر شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا حق ادا کر دیا ہے جو 1947 سے ہندوستان کی غلامی میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پارٹی عہدیداروں سے باتیں کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گزشتہ روز پارٹی سیکریٹریٹ میں ان سے ملاقات کی اور ان تمام کاوشوں کا ذکر کیا جو انہوں نے یوم کشمیر کو منانے کے لیے کی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اور قیادت کشمیریوں کی جدوجہد میں انکے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چےئرمین بلاول بھٹو نے ’’مرسوں مرسوں کشمیر نہ ڈیسوں‘‘ کا اعلان کر کے پارٹی کی اساس اور اسکے بانی کے نظریات کی زبردست ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوچےئرمین آصف علی زرداری نے بھی ہمیشہ ملک کے اندر اور ملک کے باہر ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی بھرپور وکالت کی ہے اور کہا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ضرور ملنا چاہیے۔

مزید : صفحہ آخر