دھاندلی کیس،ایازصادق الیکشن ٹربیونل میں آج بیان قلمبندکروائیں گے

دھاندلی کیس،ایازصادق الیکشن ٹربیونل میں آج بیان قلمبندکروائیں گے

لاہور(نامہ نگار )سپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق الیکشن ٹربیونل میں آج7فروری کودھاندلی کیس میں اپنا بیان قلمبندکروائیں گے،قومی اسمبلی کے حلق این اے 122سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران نے سردارایازصادق کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کررکھی ہے۔الیکشن ٹربیونل لاہور میں سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک کے روبرواپنا بیان قلمبند کروائیں گے اور عمران خان کے وکلا ء ان پر دھاندلی کیس سے متعلق جرح بھی کریں گے، عمران خان نے 6 دسمبر 2014کو ٹربیونل کے روبرو اپنا بیان رکارڈ کروایا تھا اور الیکشن ٹربیونل نے 8 دسمبر 2014کو غلام حسین اعوان کو لوکل کمیشن کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے این اے 122کے 284پولنگ سٹیشنز کے انتخابی رکارڈ کی جانچ پڑتال کا حکم سنایاتھا،ریٹائرڈسیشن جج غلام حسین اعوان نے 15دسمبر کو انتخابی رکارڈ کی جانچ پڑتال شروع کی اور 13دن کام کرکے اپنی رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں پیش کردی ،لوکل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق 15پولنگ سٹیشنز کے پولنگ بیگز کی سیل ہی موجود نہیں جبکہ 11بیگز کو پلاسٹک کی ٹیپ سے بند کیا گیا تھا،23 ہزار 639کاؤنٹر فائلز پر پریذائڈنگ آفیسر یا اسسٹنٹ پریذائڈنگ آفیسر کے دستخط اور مہر ہی موجود نہیں جبکہ 4ہزار250کاؤنٹر فائلز پر دستخط اور 2ہزار286 کاؤنٹر فائلز پر مہرموجود نہیں ہے، رپورٹ کے مطابق سردارایازصادق نے 92ہزار 393 جبکہ عمران خان نے 83ہزار 542 ووٹ حاصل کیے،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بائیس سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق کے خلاف انتخابات میں دھاندلی کا کیس دائر کررکھاہے۔

مزید : صفحہ آخر