سموں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن پر صارفین سے ٹیکس وصولی کیخلاف درخواست نمٹا دی پی ٹی اے سے رجوع کرنیکی ہدایت

سموں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن پر صارفین سے ٹیکس وصولی کیخلاف درخواست نمٹا دی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے سموں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن پر صارفین سے 10 روپے ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔جسٹس اعجاز الاحسن نے شہری عفت چودھری کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل عاطف خان نے موقف اختیار کیا کہ سانحہ پشاور کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور موبائل فون کمپنیوں نے سموں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کیا ہے مگر ہرموبائل فرنچائز پرصارفین سے بائیومیٹرک سم کی رجسٹریشن پردس روپے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جوغیرقانونی ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ کسی بھی قسم کا ٹیکس عائد کرنے کا اختیار پارلیمنٹ کو ہے جبکہ پی ٹی ایکٹ بھی کسی بھی موبائل صارف سے اضافی ٹیکس وصولی کی اجازت نہیں دیتا، انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں غیررجسٹرڈ سمیں پی ٹی اے اور موبائل کمپنیوں کی غفلت کا نتیجہ ہے مگر پی ٹی اے اور کمپنیوں کی غفلت کا بوجھ صارفین پر ڈالا جا رہا ہے ،انہوں نے استدعا کی کہ پی ٹی اے اور موبائل کمپنیوں کو سموں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن پر صارفین سے دس روپے ٹیکس وصول کرنے سے روکا جائے، سماعت کے بعد عدالت نے دس روپے ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔

مزید :

صفحہ آخر -