1211 نرسوں کی گریڈ 17 میں ہیڈ نرس کے عہدے پر ترقی

1211 نرسوں کی گریڈ 17 میں ہیڈ نرس کے عہدے پر ترقی

لاہور(جنر ل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ صحت نے طویل عرصہ سے ترقی کی منتظر 1211 نرسوں کو گریڈ 17 میں ہیڈ نرس کے عہدے پر ترقی دے دی ہے اورمحکمہ صحت کی ویب سائیٹ پر ترقی پانے والی ہیڈ نرسز کاپوسٹنگ پلان اپ لوڈ کیا جارہا ہے۔یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بتائی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے پہلی مرتبہ نرسوں کو اتنے بڑے پیمانے پر اگلے گریڈ میں ترقی دی ہے جس کے لئے وزیراعلی پنجاب نے کچھ عرصہ قبل خصوصی طور پر نرسوں کی 1500 نئی آسامیاں پیدا کرنے کی ہدایت کی تھی جس کی وجہ سے اتنی بڑی تعداد میں نرسوں کو پرموٹ کرنا ممکن ہوا ہے۔سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے اس موقع پر بتایا کہ مزید 500 نرسوں کو بطور ہیڈ نرس ترقی کے لئے ورکنگ پیپرز تیار کیا جارہا ہے اور ضروری کاغذات اور سالانہ کارکردگی(ACRs) مکمل ہونے کے بعد انہیں بھی ترقی دے دی جائے گی۔

مزید : صفحہ آخر