لاہور،گیس کی غیراعلانیہ بندش کیخلاف صارفین کی سینہ کوبی ،نعرے بازی
لاہور ( خبرنگار) مکہ کالونی گلبر گ کے درجنوں مکینوں نے گزشتہ تین ماہ سے گیس کی غیراعلانیہ بندش کیخلاف سوئی ناردرن گورو مانگٹ روڈ آفس کا گھیراو کر کے سینہ کوبی اور نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں شریک خواتین نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ انکے گھر سردیاں شروع ہوتے ہیں گیس سے محروم کر دئیے گئے ہیں حالانکہ ان کا علاقہ ریجنل دفتر کے قریب ہے، ہم نے گزشتہ ہفتے بھی یہاں آ کر مظاہرہ کیا تھا مگر کوئی شنوائی نہیں ہو ئی، خواتین نے کہا کہ گیس نہ ملنے کی وجہ سے ہم مہنگی ایل پی جی اور لکڑیاں خریدنے پرمجبور ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے گھریلو بجٹ دوگنا اور بعض اوقات بچے بھوکے پیاسے سکول چلے جاتے ہیں، انہوں نے جی ایم لاہور ریجن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انکے علاقے میں گیس بندش کا نوٹس لیکر فوری طور پر گیس سپلائی بحال کرائیں۔