آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا نے سپیشل پروفیشنل یونٹ کی منظوری دیدی

آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا نے سپیشل پروفیشنل یونٹ کی منظوری دیدی

فیصل آباد(بیورورپورٹ)باخبر ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب مشتاق احمدسکھیرا نے پنجاب بھر کے اضلاع سے سپیشل پروفیشنل یونٹ کی منظوری دیدی ہے۔ جس میں پنجاب بھرکے اضلاع سے2ہزار ملازمین مستقل طورپراس یونٹ میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اس ضمن میں فیصل آبادسے ڈیڑھ سوکے قریب اہلکارغیرملکیوں کی حفاظت کے لئے مامورکئے گئے ہیں جبکہ ضلع فیصل آباد میں پہلے ہی نفری کی تعداد انتہائی کم ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت فیصل آباد میں تقریباً 6ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے پنجاب کانسٹیبلری میں بھیجے جانے والے کوٹہ کو مزید بڑھادیاہے۔ قبل ازیں فیصل آباد ضلع سے پنجاب کانسٹیبلری میں تقریباً400سے زائد اہلکاربھجوائے جارہے تھے۔ حالیہ جاری ہونیوالے آرڈرز کے بعد ان کی تعداد 600سے زائد ہوگئی۔ جس سے ضلع فیصل آباد میں پولیس اہلکاروں کی تعداد کا گراف 6ہزار سے بھی نیچے ہوگیاہے۔ جس کی بناء پر بڑھتے ہوئے کرائم کے کنٹرول میں فیصل آباد پولیس کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید : صفحہ آخر