جلد ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کروں گا: پرویز مشرف
کراچی (ویب ڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سیاسی دوستوں سے مشاورت کررہا ہوں، جلد ملک کی سیاست میں اہم کردار ادا کروں گا۔تفصیلات کے مطابق انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، ملک میں قیام امن کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، ہماری سوچ اور ہمارا مشن سب سے پہلے پاکستان ہونا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی رہائشگاہ پر تاجر اور صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن ہونا چاہیے، پاک فوج ہمارے کل کو محفوظ بنانے کیلئے آج قربانیاں دے رہی ہیں، ہم سب کو اس جنگ میں فوج کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے۔ ملک کے سیاسی حالات بہتر نہیں ہیں اور عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے پریشان ہیں، ملک کو مسائل سے نکلنے کیلئے مضبوط سیاسی قوتوں کی ضرورت ہے جن کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کا حل اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہو۔