محبوبہ کےلیے بھارتی لڑکا 'منا بھائی' بن گیالیکن انجام فلم جیسا نہیں ہوا
نئی دہلی (نیوز ڈیسک) محبوبہ کے لئے ویلنٹائن ڈے کا تحفہ خریدنے کی خاطر منا بھائی بننے پر مجبور ہونے والا بھارتی نوجوان قدرمختلف انجام سے دوچار ہوکر جیل پہنچ گیا ہے۔ جے پور شہر سے تعلق رکھنے والا شالندرا پری ہار اس بات کے بارے میں شدید متفکر تھا کہ ویلنٹائن ڈے پر اپنی محبوبہ کو نیا موبائل فون کہاں سے پیش کرے۔
مزید پڑھیں:سائنس نے مرَدوں کا پول کھول دیا ،بیگمات کو خوفز دہ کر دیا
اسی دوران خوش قسمتی سے یا بدقسمتی سے اس کی ملاقات مونوپال نامی نوجوان سے ہوگئی جو فوج میں بھرتی کے ٹیسٹ میں صرف میڈیکل کی معمولی خرابی کی وجہ سے پاس نہیں ہوپارہا تھا۔ اسے ایک دفعہ ناکام ہونے کے بعد چار فروری کو دوبارہ ٹیسٹ کے لئے آنے کا کہا گیا تھا۔ مونوپال نے شالندرا کو پیشکش کی کہ اگر وہ اس کی جگہ ٹیسٹ دے کر اسے پاس کروادے تو اس کے بدلے پانچ ہزار روپے دئیے جائیں گے اور یوں وہ باآسانی اپنا خواب پورا کرسکے گا۔ شالندرا نے موقعے کو غنیمت جانتے ہوئے ٹیسٹ میں مونو کی جگہ بیٹھنے کی حامی بھرلی لیکن بدقسمتی سے عین موقع پر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ فوجی حکام نے بغیر کوئی وقت ضائع کئے پولیس کے حوالے کردیا جس نے اسے حوالات پہنچادیا ہے۔ ایک پولیس اہلکار نے شالندرا کی گرفتاری کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے افسوس کے ساتھ کہنا پڑے گا کہ اس منا بھائی کا ویلنٹائن ڈے محبوبہ کے ساتھ گزرنے کی بجائے جیل میں گزرے گا۔