سلمان اور آصف کی سزا میں کمی کے حوالے سے درخواست مسترد

سلمان اور آصف کی سزا میں کمی کے حوالے سے درخواست مسترد
سلمان اور آصف کی سزا میں کمی کے حوالے سے درخواست مسترد

  

دبئی (این این آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف کی سزا میں کمی کے حوالے سے درخواست مسترد کردی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے عامر کی سزا میں نرمی اور انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دئیے جانے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مانگنے کے ساتھ ساتھ سزا میں کمی کی درخواست بھی کی تھی۔ مقامی اخبار خبریں کے مطابق آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ ان دونوں کھلاڑیوں کے بارے میں اچھی رائے نہیں رکھتا کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی آخری وقت اپنا جرم ماننے سے انکاری تھے۔ اینٹی کرپشن یونٹ کا کہنا ہے کہ عامر کے ساتھ نرمی برتنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ابتدا میں ہی اپنی غلطی مان لی تھی اور ایک عرصے تک آئی سی سی کے بحالی کے پروگرام کا حصہ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے آخر تک ناصرف اپنی غلطی کا اعتراف کیا بلکہ اس پر ندامت اور شرمندگی کا اظہار بھی نہیں کیا۔ اخبار کے مطابق پی سی بی نے سلمان کے خط کے جواب میں ان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی گئی، آپ نے جرم کیا اس کی سزا بھگت رہے ہیں اور عامر کو آئی سی سی کے قوانین کے اندر رہتے ہوئے نرمی دی گئی۔

مزید : کھیل