چینی کی پیداوار میں 1.2ملین ٹن کمی ہونے کا خدشہ
ہور(کامرس رپورٹر) آئندہ کرشنگ سیزن 2018۔19ء کے دوران پاکستان کی چینی کی پیداوار میں 1.2 ملین ٹن کی کمی متوقع ہے۔ منگل کو المعیذ شوگر انڈسٹری کے منیجنگ ڈائریکٹر نعمان احمد خان نے کہاکہ حالیہ کرشنگ سیزن 2017۔18ء کے دوران چینی کی 7.5 ملین ٹن کی پیداوار متوقع ہے ،تاہم گنے کے کاشتکاروں کے مختلف مسائل کے تناظر میں آئندہ سیزن کیلئے گنے کا زیرکاشت رقبہ کم ہونے کا خدشہ ہے جس کے نتیجے میں چینی کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گنے کی قیمت اور شوگر انڈسٹری کی جانب سے ادائیگیوں اور خریداری وغیرہ کے بعض مسائل کے باعث گنے کا زیرکاشت رقبہ کم ہونے سے آئندہ کرشنگ سیزن کیلئے خام مال کی کمی سے چینی کی پیداوار 6.3 ملین ٹن تک کم ہونے کا خدشہ ہے۔ اس طرح رواں سیزن کے مقابلہ میں گنے کے آئندہ کرشنگ سیزن کے دوران چینی کی ملکی پیداوار میں ایک ملین ٹن سے زائد کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔