صدر لاہور چیمبر کاانڈونیشیا میں پاکستان کیلئے معاشی مہم کا آغاز

صدر لاہور چیمبر کاانڈونیشیا میں پاکستان کیلئے معاشی مہم کا آغاز

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، جو لاہور چیمبر کے دس رکنی وفد کی سربراہی کررہے ہیں، نے انڈونیشیا میں اعلیٰ سطحی اہم اور بامعنی ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر محمد عاقل ندیم سے ملاقات اور عشائیے میں شرکت کی جبکہ جکارتہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فیڈریشن آف انڈونیشین چیمبر آف کامرس، انڈسٹری اینڈ انڈسٹری ، پارٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور پیپر اینڈ پلپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دفاتر کا دورہ کیا۔ انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر محمد عاقل ندیم نے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ لاہور چیمبر کے وفد کا دورہ دونوں ممالک کے تجارتی ومعاشی تعلقات مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے وفد سے بھرپور تعاون کرنے پر انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں ۔ملک طاہر جاوید نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کا اہم تجارتی حصہ دار ہے ، اگر پاکستان کو انڈونیشین مارکیٹ تک مزید رسائی حاصل ہو تو اس سے تجارت مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی تجارت کے معاہدے سے زیادہ فائدہ حاصل نہیں کرسکاجس کی وجہ سے پاکستان سے انڈونیشیا کو برآمدات محدود ہیں جنہیں بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ انڈونیشیا کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کی وافر گنجائش ہے۔ انڈونیشیا پیٹرو کیمیکل، ربر، پلائی وڈ، ٹیلی کمیونیکیشن اور سیاحت کے شعبے میں جدت رکھتا ہے ، ان شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ مزید برآں جکارتہ میں چیمبرز اور تجارتی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے ملاقات میں لاہور چیمبر کے صدر نے انڈونیشیا کے تاجروں کو پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے نادر مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ وفد کے دیگر اراکین میں شاہد نذیر، اویس سعید پراچہ، محمد وسیم ، حسیب خاور، شبیر بھٹی، ملک محمد اسلام، محمد فاروق، میاں فیصل مجیداور محمد اشرف بھٹی شامل ہیں۔

مزید : کامرس