اسلام آباد کے عابد علی نے ملکی تاریخ کی بڑی209رنز کی اننگز کھیل ڈالی
پشاور( آن لائن )اسلام آباد کے اوپننگ بلے باز عابد علی نے ملکی ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کھیل ڈالی ہے۔ 30سالہ عابد نے قومی ون ڈے ریجنز کپ کے سلسلے میں ارباب نیاز سٹیڈیم ،پشاور میں پشاور کیخلاف شاندار بلے باز ی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 156گیندوں پر 24چوکوں اور 5چھکوں کی مدد سے209رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،ان کی اس کاوش کی بدولت اسلام آباد نے مقررہ50اوورز میں محض1وکٹ کھو کر374رنز کا بڑا مجموعہ سکور بورڈ پر لگایا۔عابد علی سے قبل2007ء میں پاکستان کسٹمز کے محمد علی نے 207رنز کی اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نا م کیا تھا ، خالد لطیف نے 2009ء میں 204رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے تھے جب کہ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے 2018ء ہی میں واپڈا کی جانب سے 200رنز سکور کیے۔
ساجد علی نے 1997ء میں ناقابل شکست 197رنز سکور کیے تھے جبکہ قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور نے 1997ء میں مدراس کے مقام پر روایتی حریف بھارت کیخلاف 194رنز سکور کیے تھے ، ٹیسٹ کرکٹر شرجیل خان نے 2013ء4 میں 194رنز سکور کیے تھے جبکہ ایک اور ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر نے 2013ء میں 189رنز کی اننگز کھیلی تھی۔