ایران نے حوثیوں کو آ بنائے باب المندب پر حملوں کیلیے ہتھیار دئیے، عرب اتحاد

ایران نے حوثیوں کو آ بنائے باب المندب پر حملوں کیلیے ہتھیار دئیے، عرب اتحاد

ریاض(آن لائن)سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ایران نے آبنائے باب المندب سے گذرنے والے جہازوں کو حملوں میں نشانہ بنانے کیلئے حوثی ملیشیا کو ہتھیار مہیا کیے ہیں۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان عرب اتحاد افواج کرنل ترکی المالکی نے منگل کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی تمام بندر گاہوں سے امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے۔حوثی ملیشیا نے بموں سے لدی 1کشتی سے الحدیدہ کی بندرگاہ پر حملہ کیا ہے،یہ عالمی جہاز رانی اور بحری تجارت کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے اور اس حوالے سے عالمی برادری کو کوئی موقف اپنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے اب تک 95 بیلسٹک میزائل داغے ہیں اور عرب اتحادی افواج نے ان تمام کا سراغ لگا کر انھیں تباہ کردیا ہے۔ترجمان عرب اتحاد افواج نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے گذشتہ چند ہفتوں کے دوران میں متعدد یمنی قبائلیوں کو ڈرایا دھمکایا ۔سعودی عرب سے بھیجے گئے خوراک اور ادویہ سے لدے ٹرک 4لاکھ سے زیادہ یمنیوں تک پہنچ چکے ہیں۔

انھوں نے یمن کی قانونی حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن میں حالیہ جھڑپوں کے بعد کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم نے عدن میں استحکام کی بحالی کیلئے تمام فریقوں سے رضا مندی لے لی ہے۔انہوں نے کہا کہ یمن کی قومی فوج الجوف میں مختلف محاذوں پر نمایاں کامیابیاں حاصل کررہی ہے۔انھوں نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ مآرب میں حوثیوں کا دہشتگردی کا ایک سیل پکڑا گیا ہے۔

مزید : عالمی منظر