قتل و بینک ڈکیتی گینگ کے 4ملزم گرفتار ،11لاکھ کی نقدی و مال مسروقہ برآمد

قتل و بینک ڈکیتی گینگ کے 4ملزم گرفتار ،11لاکھ کی نقدی و مال مسروقہ برآمد

لاہور(کرائم رپورٹر)انویسٹی گیشن پولیس سٹی ڈویڑن نے قتل اوربینک سنیچر گینگ کے 4ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے11لاکھ روپے نقدی اور مال مسروقہ برآمد کر لیا.ان خیالات کا اظہار ایس پی سٹی سید اکرار حسین شاہ نے گزشتہ روزپولیس اسٹیشن لوئرمال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ڈویڑن میں قتل اورڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام اور ان کے سد باب کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سر گرم عمل ہیں۔جس کے تحت انویسٹی گیشن پولیس ہومی سائیڈیونٹ مصری شاہ سرکل کے سب انسپکٹر اورنگزیب نے مقتول محمد نعیم کے قاتل سفیان علی کو گرفتار کر لیا۔ مقتول محمد نعیم کے ملزم کی بہن کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔اسی رنجش کی بناء پرملز م نے پمپ ایکشن کا فا ئر کر کے محمد نعیم کو قتل کر دیا۔ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیااور تھانہ اسلام پورہ کہ انچارج سب انسپکٹر عبدالوہاب نے بینک سنیچر گینگ کے 3 ملزمان وقاص عرف وکی،حسن عرف کمبوہ،باسط شکیل کوٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضہ2عدد پسٹل 30بور،6عدد موٹرسائیکل ،نقدی 8لاکھ روپے برآمد کر لی۔دوران انٹیر و گیشن ملزمان نے 42سے زائد وارداتیں کر نے کا انکشاف کیا۔ ملزمان بینک سے کیش لے کرآنے جانے والوں پر نظر رکھتے ویران علاقہ میں جاکر اسلحہ کے زور پر رقم چھین کر فرار ہو جاتے۔ملزمان اس قدر سفاک ہیں کہ دوران واردات مزاحمت کرنے والے کو فائر ماردینے سے گریز نہ کرتے۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن نے قتل اوربینک سنیچر گینگ کے 4ملزمان کی گرفتاری پر ریڈنگ پارٹی کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی