لیز پر لی گئی کارچھیننے اور اس کی نیلامی رکوانے کیلئے دائر درخواست پرحکم امتناعی جاری
لاہور(نامہ نگار)بینکنگ عدالت نے باغبانپورہ کے رہائشی شہری کی لیز پر لی گئی کارچھیننے اور اس کی ممکنہ نیلامی رکوانے کے لئے دائر درخواست پرحکم امتناہی جاری کر دیا۔شہری محمد عرفان نے موقف اختیار کیا کہ اس نے جی ایس بینک گلبرگ مین مارکیٹ برانچ سے لیز پر کار حاصل کی، 4 لاکھ 62ہزار 5روپے ایڈوانس دیا اور 18لاکھ 50ہزار کی رقم اقساط میں ادا کرنا تھی جو اس نے باقاعدگی سے ادا کیں۔ بینک نے غیر قانونی چارجز شامل کرنا شروع کئے تو اس نے اعتراض کیاجس پر بینک نے اپنے اہلکاروں کی مدد سے کار چھین لی۔فاضل جج قمر اعجاز نے حکم امتناہی جاری کرتے ہوئے اوربینک کو گاڑی کی نیلامی سے روکتے ہوئے شہری کی جمع کرائی گئی رقم کی تفصیلات 23فروری تک طلب کر لی ہیں۔