مختلف سکولوں کے بچوں کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد

مختلف سکولوں کے بچوں کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)دفاع پاکستان کونسل کے تحت جاری عشرہ یکجہتی کشمیر میں المحمدیہ روضہ سوسائٹی کی طرف سے مختلف سکولوں کے ننھے بچوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا۔مزید براں مسئلہ کشمیر سے آگہی فراہم کرنے کے لیے مختلف چوکوں چوراہوں، مارکیٹوں اور معروف مقامات پر ہینڈ بل بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر بچوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ شہریوں کی جانب سے بچوں کی اس سرگرمی میں دلچسپی کا اظہارکیا گیا۔ المحمدیہ روضہ سوسائٹی پاکستان کے مسؤل جنید الرحمن نے گرین ٹاؤن میں واقع سکول کے بچوں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ سکولوں کے ننھے بچے بانی پاکستان کے قول کی لاج رکھتے ہوئے کشمیریوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کی تحریک کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ مزید براں گلشن راوی سے چوبرجی چوک تک بھی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔

جس میں مختلف سکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بچوں نے میں کشمیر ہوں کے عنوان سے پٹیاں زیب تن کر رکھیں تھیں۔ مزید براں بچوں نے ہاتھوں میں کتبے اور پوسٹر اٹھارکھے تھے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پیغامات درج تھے۔اس موقع پر بچوں نے ہندوستان کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں خوب نعرہ بازی کی ہم لے کہ رہیں گے آزادی ہے حق ہمارا آزادی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے علاقہ گونج اٹھا۔اس کے علاوہ دن بھر بچوں نے اندرون شہر، مال روڈ، ٹاؤن شپ اورشہر کے دیگر علاقوں میں بھی’’ میں کشمیر ہوں ‘‘ کے عنوان سے ہینڈ بل تقسیم کیے اور کشمیری طلبا کے حق میں ریلیوں کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر المحمدیہ روضہ سوسائٹی لاہور کے عہدیداران محمد حمزہ، عزیر رفیق اور محمد عاقب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے طلبا کشمیری طلبا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ تحریک آزادی کشمیر میں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی ہر ممکن مدد کریں گے۔مزید براں ان کا کہنا تھا کہ 5فرور ی کو دفاع پاکستان کونسل کے تحت ہونے والے یکجہتی کشمیر پروگرام میں بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد شریک ہوگی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...