سینیٹ الیکشن نہال ہاشمی کی سیٹ پر ضمنی انتخابات ، فاٹا کی 4نشستوں کا شیڈول جاری

سینیٹ الیکشن نہال ہاشمی کی سیٹ پر ضمنی انتخابات ، فاٹا کی 4نشستوں کا شیڈول ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد،لاہور (این این آئی،آن لائن )الیکشن کمیشن نے پنجاب سے سینیٹر نہال ہاشمی کی نااہلی سے سینٹ کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب اور فاٹا سے خالی ہونے والی سینٹ کی چار نشستوں پر انتخابات کیلئے شیڈول جاری کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نہال ہاشمی کی نااہلی سے خالی ہونیوالی پنجاب کی عمومی نشست پر نئے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 13 فروری کو 9 بجے سے 4 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے جن کی جانچ پڑتال 15 فروری کو ہو گی، اس کے خلاف اپیلیں 17 فروری جبکہ ان پر فیصلہ 19 فروری کو ہو گا۔ کاغذات نامزدگی 21 فروری کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ پولنگ یکم مارچ کو 9 بجے سے 4 بجے تک ہو گی۔دوسری طرف الیکشن کمیشن نے فاٹا سے خالی ہونے والی سینٹ کی چار نشستوں پر انتخابات کیلئے شیڈول جاری کر دیا ہے، پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے منگل کو جاری شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی 7 فروری سے حاصل کئے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی 12 فروری کو 9 سے 4 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 فروری جبکہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 17 فروری کو دائر کی جا سکیں گی جن پر فیصلہ 20 فروری کو ہو گا۔ کاغذات نامزدگی 21 فروری کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ پولنگ 3 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گی۔دوسری طرف سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور الیکشن کمیشن کے آفس میں گزشتہ روز بھی امیدواروں کا رش رہا بتایاگیا ہے کہ اب تک 90 امیدواروں نے سینٹ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کر لئے ہیں ۔ادھر مسلم لیگ (ق) کے سابق رہنما اور مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیاکر نے والے سینیٹر مشاہد حسین سید نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کو بھجوا دیا ہے۔
سینیٹ شیڈول

اسلام آباد ،کراچی(آئی این پی،آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ کے 3مارچ کو ہونے والے انتخابات کیلئے پنجاب اور اسلام آباد سے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ، باضابطہ اعلان (آج) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا جائے گا ۔پنجاب سے وفاقی وزیر کامران مائیکل اقلیتی نشست کیلئے ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے اور نواز شریف کے داماد علی ڈار، ڈاکٹر آصف کرمانی، مسلم لیگ (ن) کی خاتون رہنما بیگم تہمینہ دولتانہ اور مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر نزہت عامر شامل ہیں۔ اسلام آباد سے مشاہد حسین سید کا ٹکٹ کنفرم کر دیا گیا ہے تاہم بیرسٹر ظفر اللہ اور طارق فاطمی بھی امیدوار ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو مرحوم کے صاحبزادے اسد جونیجو کو اسلام آباد کی جنرل نشست سے مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ دیئے جانے کے زیاد ہ امکانات ہیں اور انہوں نے اپنا ووٹ بھی سندھ سے اسلام آباد منتقل کرنے کا قانونی عمل مکمل کرنے کا سلسلہ بھی تیز کردیاہے ۔ دوسری طرف پیپلزپارٹی نے سینیٹ کے 12ٹکٹ جاری کردیئے ہیں۔ جن میں جنرل نشست پر رضا ربانی ، مولا بخش چانڈیو ، مرتضی وہاب ، علی جاموٹ ، مصطفیٰ نواز کھوکھر،امام لادین شوقین اور ایاز مہر جبکہ ٹیکنوکریٹس کی نشست پر ڈاکٹر سکندر میندھرو اور رخسانہ ذبیری جبکہ خواتین کی نشست پر کرشنا کولھی اور قرۃ العین مری جبکہ اقلیتی نشست پر انور لعل دین شامل ہیں۔ ٹکٹ دینے کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد کی گئی اور پیپلز پارٹی کی رہنماء4 فریال تالپور نے تمام ٹکٹ ہولڈرز کو ٹکٹ دیئے۔علاوہ ازیں جمعیت علماء اسلام (ف) نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا۔جے یوآئی (ف) کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مرکزی پارلیمانی بورڈ کے دوروزہ اجلاس کے بعد حتمی سفارشات کی مولانا فضل الرحمن نے منظوری دے دی ہے اور جے یوآئی (ف) نے خیبرپختونخواہ سے چار اور بلوچستان سے تین امیدوار میدان میں اتار دیئے ہیں۔خیبرپختونخوا سے جنرل نشست پر طلحہ محمود اور مولانا گل نصیب خان نامزد،ٹیکنوکریٹ نشست پر شیخ یعقوب اور خواتین نشست پر محترمہ نعیمہ کشور کو نامزد کیا گیا ہے ۔ جبکہ بلوچستان سے جنرل نشست پر مولانا فیض محمد ،ٹیکنوکریٹ پر کامران مرتضی ایڈوکیٹ امیدوار نامزد،بلوچستان سے خواتین کی نشست پر عذرا سید جے یوآئی کی امیدوار ہوں گی ۔اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی سینٹ انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مزید :

علاقائی -