پولیس میں کالی بھیڑوں کی نشاندہی کر کے برطرف کیا جائے،آئی جی سندھ

پولیس میں کالی بھیڑوں کی نشاندہی کر کے برطرف کیا جائے،آئی جی سندھ

کراچی(این این آئی)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سلیم واحدی آڈیٹوریم کلفٹن میں تمام ڈی آئی جیز پر مشتمل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ اور باالخصوص کراچی میں امن وامان کی صورتحال کے تناظر میں رہنما ہدایات دیں۔انہوں نے گذشتہ دنوں چائنیز شہری کو ہلاک کئے جانے کے واقعہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کوحکم دیا کہ ملوث ملزمان اور انکے سرپرستوں کا پتہ لگاکر انکے خلاف کریک ڈاؤن کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے ۔انہوں نے گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران پیش آمدہ واقعات بشمول نقیب اللہ محسود کیس،انتظار کیس کا تفصیلی احاطہ کرتے ہوئے کانفرنس کو ہدایات دیں کہ پولیس میں متعارف کردہ اصلاحات اور دستیاب اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجرز(SOPs) پر انکی روح کے مطابق نہ صرف عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے بلکہ ماتحت پولیس افسران اور جوانوں کو باقاعدہ بریفنگ بھی دی جائے ۔انہوں نے مزید ہدایات دیں کہ تمام رینج کے ڈی آئی جیز باہمی روابط اور دیگر صوبوں کی پولیس سے مربوط رابطوں کے تحت راؤ انور کی گرفتاری کے لئے جاری کارروائیوں کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو غیرمعمولی بنائیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں کالی بھیڑوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے لہٰذا تمام ڈی آئی جیز پولیس میں جاری تطہیری عمل کے تحت ممکنہ کالی بھیڑوں کی باقاعدہ نشاندہی کرکے انہیں ملازمتوں سے فوری طور پر برخاست کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں، مزارات وغیرہ پر باالخصوص جمعہ اور جمعرات کے دنوں میں سیکیورٹی کو انتہائی ٹھوس اور مربوط بنانے کے تمام تر اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائے ۔اے ڈی خواجہ نے کہاکہ محنت لگن ایمانداری اور غیر جانبداری کو فرائض منصبی میں اہمیت دیں اور عام لوگوں کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے کسی عذر ،پس وپیش یا تاخیری حربوں سے گریز کریں تاکہ عوام دوست پالیسنگ کے تحت جرائم کے خلاف پولیس کی مجموعی کارکردگی کو مزید نمایاں کیا جاسکے ۔

آئی جی سندھ

مزید : علاقائی