شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی

شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آئی این پی) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوگئی۔ خواجہ حارث ایڈووکیٹ کی سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث احتساب عدالت نے کیس کی سماعت (آج) بدھ تک ملتوی کردی۔سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ ریفرنسز کی سماعت شروع ہوئی تو جج محمد بشیر سے سابق وزیراعظم کے نمائندے ظافر خان نے استدعا کی کہ خواجہ حارث ایڈووکیٹ سپریم کورٹ میں مصروف ہیں جبکہ امجد پرویز ایڈووکیٹ بھی عدالت میں موجود نہیں اس لئے وکلاء کے آنے تک عدالتی کارروائی کو موخر کیا جائے جس پر فاضل جج نے تینوں ریفرنسز کی سماعت دوپہر دو بجے تک ملتوی کی اور جب دو بجے دوبارہ عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو فاضل جج نے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے سے متعلق ہدایت کی جس پر کیس میں وکیل عائشہ حامد ایڈووکیٹ نے بتایا کہ خواجہ حارث کچھ دیر میں عدالت پہنچ جائیں گے جس پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ امجد پرویز ایڈووکیٹ کہاں ہیں جس پر جونیئر وکیل عائشہ حامد نے کہا کہ وہ یہاں نہیں ۔ خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامد نے کیس کی سماعت اگلی منگل تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر نیب کے پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ آئے روز کیس کی سماعت ملتوی کرانے کی کوشش کی جاتی ہے یہ عدالت کا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کرنے استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت (آج) بدھ تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت میں سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات تھے، وکلاء کی بڑی تعداد سابق وزیراعظم نواز شریف کے استقبال کیلئے احاطہ عدالت میں موجود تھی جبکہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتی رہی۔ پولیس کی معاونت کیلئے ایف سی کے دستے تعینات تھے۔ جوڈیشل کمپلیکس کے چاروں اطراف خار دار تاریں لگا کر راستے بند کئے گئے تھے اور عام افراد کا داخلہ بند کردیا گیا تھا۔
نیب ریفرنسز

مزید :

صفحہ اول -