دہشتگردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے انکے عزائم ناکام بنا دینگے ، وزیر دفاع

دہشتگردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے انکے عزائم ناکام بنا دینگے ، وزیر دفاع

سوات،گوجرانوالہ( آن لائن ،بیورورپورٹ) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے دہشت گردی کے خاتمہ کی جدوجہدجاری رکھنے کے اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا اورانکے مذموم عزائم کوناکام بنایاجائے گا، فوجیوں کی بہادری ، بلند عزم اورحوصلہ سے پوری قوم مضبوط ہوئی ہے۔ سوات دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ پشاور کے دورے کے موقع پر وزیر دفاع نے زخمی سکیورٹی اہلکاروں سے انکی صحت کے بارے میں دریافت کیا اورانکی جرات اوربہادری کوسراہا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے دہشتگردی کوجڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کررکھاہے۔ وفاقی وزیر نے ٹراماسنٹر میں اپنی نوعیت کی شاندار طبی خدمات و سہولیات اورطبی عملہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیر دفاع کوہاٹ میں کیپٹن جاذب رحمن شہید کے گھر بھی گئے اورشہید کے والدین اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس مو قع پر انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں انکے ساتھ ہیں اور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمہ کے عزم کااظہارکیا۔وفاقی وزیر نے 9 ڈویژن کے شہدا ء کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی۔ وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی طرح پاکستانی عوام کے دلوں میں بھی کشمیر کی آزادی کی شمع روشن ہے، بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور وحشیانہ مظالم کی ایک طویل تاریخ ہے جو نئی شکل میں زیادہ لرزہ خیز ہیں جبکہ کشمیری عوام آزادی کے لئے نسل در نسل قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں ،برہان وانی کی شہادت اور مقبوضہ کشمیر کے اندر کشمیری عوام کی بغاوت سے صاف ظاہر ہے کہ کشمیریوں کی نئی نسل کو بھارت کی فوجی کارروائیاں قبول نہیں ہیں اور پاکستان بھی بھارتی فوجی کارروائیوں کو کسی طرح قبول نہیں کرے گا،وہ ایوان صدر اسلام آباد میں کشمیر کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جموں اور کشمیر کی ریاست دنیا بھر کے فوجی تنازعہ والے علاقوں میں سے ایک ہے ،بھارتی فورسزانسانیت کے خلاف قتل عام اور اجتماعی قبروں جیسے سفاکانہ جرائم میں ملوث ہیں اورا س ضمن میں دستاویزات اور حقائق بالکل درست اورغیر متنازعہ ہیں ،انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ریٹائرڈ فوجیوں کے لئے سینک کالونیوں کا قیام ڈیموگرافی بدلنے کی کوشش ہے ، غیر ریاستی بھارتی صنعتکاروں کو اراضی دینے سے کشمیری عوام کے کاروبار اور علاقہ کا نقشہ تباہ ہو جائے گا نیز احتجاج پر قابو پانے کے لئے پولیس کو دیئے گئے خصوصی اختیارات جن میں چھاپے ،تلاشی ،محاصرہ کے آپریشنز اور ہلاک کر دینے جیسے اقدامات شامل ہیں قطعی ناقابل قبول ہیں ۔

خرم دستگیر

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...